مدد حاصل کیجیے

Maitri سان فرانسسکو بے ایریا میں قائم شدہ ایک آزاد، رازدار اور غیر منافع بخش ادارہ ہے جو بنیادی طور پر جنوبی ایشیا (بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، پاکستان، سری لنکا وغیرہ) سے تعلق رکھنے والے ایسے گھرانوں اورافراد کی مدد کرتا ہے جو گھریلو تشدّد، نفسیاتی تعذیب، تہذیبی مغائرت یا خاندانی ناچاکی جیسے مسائل سے گزر رہے ہوں۔

کیا آپ یا آپ کا کوئی جاننے والا کسی طرح کے گھریلو تشدد کا شکار ہے؟

مدد چاہتے ہیں؟

کال کیجیے: 4874-862-888-1

کسی سے بات کرنے کے لیے ایامِ کار میں صبح 9 بجے سے شام 3 بجے تک کال کیجیے۔ ان اوقات کے علاوہ اگر آپ فون کریں تو مہربانی فرما کر ایک تفصیلی پیغام ریکارڈ کر دیجیے اور ایک محفوظ فون نمبر اور مناسب وقت بھی اس پیغام کے ساتھ بتا دیجیے کہ جس پر ہم آپ سے رابطہ کر سکیں۔ ہمارے رضاکار صوتی پیغامات کے ریکارڈ کیے جانے کے چوبیس گھنٹے میں اُن کو سُن کر مناسبِ حال جوابی کاروائی شروع کر دیتے ہیں۔

اگر کوئی ناگہانی صورت ہے یا کوئی زخمی ہے تو فورًا 911 پر کال کریں۔ پولیس آپ کی مدد کے لیے مستعد ہے۔ اگر آپ بات نہیں کر سکتے تو بھی بس 911 پر کال کریں اور لائن منقطع نہ کریں۔ پولیس آپ کی جگہ کا درست اندازہ کر کے فورًا مدد روانہ کر دے گی۔

ہم آپ کی کال کا جواب دینے کے لیے یہاں موجود ہیں:

- اگر آپ تشدد کی صورتِ حال میں گرفتار ہیں — تو ہم آپ کو حفاظتی منصوبہ بندی میں مدد دے سکتے ہیں اور مسئلے کے حل کے دیگر راستوں کے بارے میں بھی رہنمائی کر سکتے ہیں۔

-اگر آپ مشکل سوالات سے دوچار ہیں — تو ہم آپ کو اُن کے جوابات خود مہیا کریں گے ورنہ کم از کم ایسے ذرائع کی نشاندہی کر دیں گے جو آپ کے لیے معاون ثابت ہوں۔

-اگر آپ اِن مسائل سے نکلنے کی کسی احسن راہ کی تلاش میں ہوں اور اس ضمن میں گفتگو کرنا چاہیں — تو ہم آپ کو انفرادی طور پر ایک ساتھی مشورہ کار سے منسلک کر سکتے ہیں۔

- اگر آپ قانونی چارہ جوئی کی تلاش میں ہیں — تو ہم مندرجہ ذیل امور میں آپ کی معاونت کر سکتے ہیں: حکمِ امتناعی کے حصول کے لیے کاغذی کاروائی، عدالت میں پیشی کے لیے مناسب تیاری اور انتظام، وکلا کی جانب رہنمائی، اور اسی طرح دیگر قانونی سوالات کے جوابات کی فراہمی وغیرہ۔

- اگر آپ کو زبان کی دشواری ہے اور انگریزی میں بات کرنا آپ کے لیے مشکل ہے — تو ہمارے پاس آپ کی بات کو سمجھنے کے لیے بہت سی جنوبی ایشیائی زبانوں کو بولنے والے رضاکار موجود ہیں۔